پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
اسلام آباد، 15 اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تعاون کو مختلف شعبوں میں فروغ دینے کے لیے چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا۔ یہ تبادلہ عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی کے دورۂ پاکستان کے موقع پر بدھ کے روز کیا گیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے دوران معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی کارروائی سے متعلق پروٹوکول، سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے اور ریکارڈ و محفوظات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ باقی تین مفاہمتی یادداشتوں کا تعلق اطلا...





