پاکستان، اٹلی اور ڈنمارک میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد 15,اپریل 2026(کامران راجہ): اٹلی کی سفیر مارلینا آرمَلین اور ڈنمارک کی سفیر ماجا مورٹینسن نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے پاکستان کے ایک ذمہ دار عالمی شراکت دار کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک خطے میں کشیدگی کے دوران مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال، خصوصاً اہم بحری گزرگاہوں جیسے آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں توانائی، خوراک، ادویات اور صنعتی خام مال کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ سے زائد آبادی، قدرتی وسائل اور جغرافیائی اہمیت اسے ایک بڑی معاشی قوت بننے کی صلاحیت دیتی ہے۔ انہوں نے ...





