Thursday, November 26

پی ایس ایل 12 کے لیے شان ٹیٹ لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ مقرر

Shaun Tait Named Lahore Qalandars Head Coach for PSL 12

اسلام آباد، 26 نومبر 2026 (کامران راجہ): لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر شان ٹیٹ کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے، جس کا اعلان فرنچائز نے جمعرات کو کیا۔ شان ٹیٹ آسٹریلیا کی 2007 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے اور اس سے قبل 2026 میں گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ کے دوران بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ 43 سالہ سابق فاسٹ باؤلر پاکستان سپر لیگ اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں، جہاں انہیں شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوا۔ اپنی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے کہا کہ وہ آئندہ پی ایس ایل سیزن کے لیے لاہور قلندرز کا ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے کام کرنے کے باعث وہ مقامی کنڈیشنز اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں۔ لاہور قلندرز کے مالک اور چیف ایگزیکٹو سمین رانا نے بھی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شان ٹیٹ کی ٹیم کی ثقافت اور کھلاڑیوں سے واقفیت فرنچائز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ شان ٹیٹ کا تجربہ اور جیتنے کا جذبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں ٹیم کو نئی کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شان ٹیٹ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف فرنچائز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور آسٹریلیا کے تیز ترین باؤلرز میں شمار ہوتے ہیں۔