Wednesday, April 15

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاکستان کوسٹ گارڈز ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ

کراچی14 اپریل 2026(کامران راجہ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

ڈائریکٹر جنرل جواد ریاض نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، اور شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے شہداء نے ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز کی پیشہ ورانہ تربیت اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے فورس کی صلاحیتوں کو سراہا۔

بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران 14 ہزار کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں جن کی مالیت 8 ارب روپے سے زیادہ ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی سے عراق تک فیری سروس کے اجراء کے لیے فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس سے زائرین کو بڑی سہولت ملے گی۔

انہوں نے انسداد منشیات اور انسداد اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ مافیا کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز بیک وقت زمین اور سمندر میں اپنے فرائض انجام دینے والی اہم فورس ہے اور امن و جنگ دونوں حالات میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔

وزیر داخلہ نے فورس کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون اور وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو پسنی سیف سٹی پراجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔