Sunday, November 29

نمل خاور نے سوشل میڈیا صارفین پر فنکاروں کی ظاہری شکل کے بجائے ان کے فن پر تنقید کرنے پر زور دے دیا

Naimal Khawar Urges Social Media Users to Criticise Artists’ Work, Not Appearance

اسلام آباد، 29 نومبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکارہ نمل خاور نے سوشل میڈیا پر فنکاروں کے خلاف ذاتی حملوں اور ظاہری شکل پر تنقید کی مخالفت کرتے ہوئے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ فنکاروں کی شخصیت، لباس اور انفرادی پسند کے بجائے ان کے پیشہ ورانہ کام اور صلاحیتوں کو تنقید کا موضوع بنائیں۔ انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے پیغام میں اداکارہ نے کہا کہ فنکاروں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے احترام اور مثبت تنقید کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ان کی فنی صلاحیتوں کو اہمیت دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکار عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہے ہیں، ایسے میں ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے شخص کی کامیابی ہماری کامیابیوں کو کم نہیں کرتی، اس لیے دوسروں کی ترقی کا جشن منانا اور ان کی ذاتی پسند کا احترام کرنا چاہیے۔ نمل خاور نے مزید کہا کہ شہرت کسی انسان کو اس کی انسانیت اور عزت سے محروم نہیں کرتی۔ اداکارہ نے 2017 میں شعیب منصور کی فلم ’’ورنہ‘‘ سے شہرت حاصل کی جبکہ ڈرامہ سیریل ’’انا‘‘ میں عزا کے کردار سے بھی انہیں نمایاں پہچان ملی۔