Sunday, November 29

سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر تنقید، احتساب کا مطالبہ

Pakistan’s Azlan Shah Cup Performance Draws Criticism, Calls for Accountability Grow

اسلام آباد، 29 نومبر 2026 (کامران راجہ): سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن پر قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے، سابق اولمپیئن رحیم خان نے غیر ملکی کوچ سے جواب طلبی اور کوچنگ اسٹاف کی کارکردگی رپورٹ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان کو ہفتے کے روز ایپوہ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں 3-0 سے شکست ہوئی، حالانکہ قومی ٹیم نے لیگ مرحلے میں اسی حریف کو 3-2 سے ہرایا تھا۔ پاکستان میزبان ملائیشیا کے خلاف 5-5 سے میچ برابر ہونے کے باعث فائنل میں بھی جگہ نہ بنا سکا، جبکہ ملائیشیا بہتر گول اوسط کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ گیا۔ رحیم خان نے ٹیم کی غیر مستقل کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے غیر ملکی کوچ کا احتساب کرنے اور ان کی رپورٹ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے غیر ملکی کوچ پر بھاری اخراجات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور تجویز دی کہ طاہر زمان، قمر ابراہیم، خواجہ جنید اور کامران اشرف جیسے تجربہ کار پاکستانی کوچز کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔ انہوں نے منظور الحسن، شہناز شیخ اور فرحت خان جیسے سابق کھلاڑیوں کو انتظامی عہدوں کے لیے بھی موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی محدود صلاحیتوں کے باوجود ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے خلاف کارکردگی ناقابل قبول تھی۔