Wednesday, October 7

شام اور سعودی عرب میں تعمیر نو اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

Syria, Saudi Arabia Discuss Reconstruction and Investment

ریاض، 7 اکتوبر 2026 (غفران): شامی صدر احمد الشرع اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز ریاض میں ملاقات کے دوران شام کی تعمیر نو کے منصوبوں اور سعودی سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ شامی صدر نے سعودی ولی عہد کو شام کے دورے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ شامی صدارتی دفتر کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ اسعد الشیبانی بھی موجود تھے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے شام اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور باہمی مفادات کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو کی۔ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے اور سیاسی، سفارتی اور اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے شام کی تعمیر نو کے حوالے سے تزویراتی منصوبوں اور آئندہ مراحل کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں جنگ کے دوران تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کی بحالی شامل ہے۔ ملاقات میں شام میں معیاری اور مؤثر سرمایہ کاری لانے اور توانائی، تعمیرات، صنعت، زراعت اور تجارت کے شعبوں میں شامی اور سعودی کاروباری اداروں کے کردار کو وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔ احمد الشرع کی جانب سے محمد بن سلمان کو شام کے دورے کی دعوت کو حالیہ سفارتی پیش رفت کو مزید آگے بڑھانے اور عرب تعاون و رابطہ کاری کے نئے مرحلے کے قیام کی کوشش قرار دیا گیا، جس کے ذریعے علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر غور کرتے ہوئے علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔