
پشاور، 22 نومبر 2026 (کامران راجہ): پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں اور پاکستان کی خودمختاری و سالمیت کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں، ایک پستول، 3 ہینڈ گرینیڈ، 5 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ ادھر متنی کے علاقے میں فرار ہونے والے دیگر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی دہشت گردی کے خطرات کے خاتمے اور سرکاری و عوامی تنصیبات کو حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔