پاکستان – سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور سعودی شوریٰ کونسل کے وفد کا اجلاس
اسلام آباد، 7 اکتوبر 2025ء(کامران راجہ)پاکستان – سعودی عرب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور گروپ کے کنوینر سردار محمد یوسف زمان نے کی۔
سعودی وفد کی قیادت انجینئر خالد عبداللہ البریک نے کی۔ ان کے ہمراہ شوریٰ کونسل کے اراکین احمد عبدالرحمن، ڈاکٹر ابتسام عبداللہ الجبیر اور دیگر سینئر حکام شامل تھے۔ قومی اسمبلی کے اراکین مجاہد علی، سید حفیظ الدین، زیب جعفر، سحر کامران، شگفتہ جمانی اور محمد عثمان بادینی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
سردار محمد یوسف زمان نے سعودی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ایمان، اخوت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں طے پانے والا دفاعی معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔...









