Wednesday, November 25

پی ایس ایل 12 کے لیے راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو براہِ راست سائن کرلیا

Rawalpindiz Sign Australian All-Rounder Matthew Short for PSL 12

اسلام آباد، 25 نومبر 2026 (غفران): راولپنڈیز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو اہم براہِ راست کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ فرنچائز نے بدھ کے روز معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میتھیو شارٹ کو مبینہ طور پر 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کیا گیا ہے۔ 31 سالہ کھلاڑی آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی کپتانی کرتے ہیں اور دو مرتبہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ وہ جارحانہ بیٹنگ اور دائیں ہاتھ سے آف اسپن بولنگ کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔ میتھیو شارٹ اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ، دی ہنڈرڈ اور میجر لیگ کرکٹ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ انہیں پی ایس ایل 10 کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران لگنے والی انجری کے دوبارہ ہونے کے باعث وہ ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ اب وہ راولپنڈیز کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین نے آئندہ سیزن کے لیے براہِ راست کھلاڑی منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ نیلامی اور کھلاڑیوں کی برقرار رکھنے کی حکمت عملی پر توجہ دے گی۔ کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو شیڈول ہے۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے تاحال اپنے براہِ راست کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا، تاہم انگلینڈ کے بین ڈکٹ کے نام سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں۔ دیگر فرنچائزز اپنے اہم کھلاڑیوں کو براہِ راست ٹیموں میں شامل کرچکی ہیں، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے میٹ ہنری، کراچی کنگز کے عادل رشید، ملتان سلطانز کے لانس مورس، لاہور قلندرز کے کمیندو مینڈس اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لوکی فرگوسن شامل ہیں۔ پی ایس ایل 12 آئندہ سال 18 مارچ سے 2 مئی تک کھیلی جائے گی۔