Friday, August 14

پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت، اعلیٰ سطحی رابطوں کی اہمیت پر زور

اسلام آباد، 14 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آج نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات میں آنے والی مثبت پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر منیلا میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر حالیہ علاقائی اور عالمی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر فریقین کی جانب سے اس کی روح اور مکمل طور پر عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ زیر التوا مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔