Friday, August 14

بلوچستان کے وزیر داخلہ کے قافلے پر حملہ، 6 پولیس اہلکار زخمی

کوئٹہ، 14 اگست 2026 (نوشین): مستونگ میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو کے قافلے پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ صوبائی وزیر حملے میں محفوظ رہے۔مستونگ پولیس کے مطابق وزیر داخلہ کا قافلہ قلات سے کوئٹہ جا رہا تھا کہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں گرو کے مقام پر مسلح افراد نے قافلے پر گھات لگا کر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

بلوچستان ہوم افیئرز کے اسسٹنٹ بابر یوسفزئی نے بتایا کہ مسلح افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 منٹ تک جاری رہا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال مستونگ کی ایمرجنسی انچارج ثناء ملک نے بتایا کہ 6 زخمی افراد کو اسپتال لایا گیا، جن میں سے 3 کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔حملے کے بعد بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے ’’پٹاخوں‘‘ سے ڈرنے والے نہیں۔سکیورٹی فورسز اور پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔