Thursday, August 20

وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کا مضبوط شراکت داری کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کا مضبوط شراکت داری کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد، 19 اگست 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی کے ایجنڈے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ عزم اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کے دوران ظاہر کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں محمد یحییٰ کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور انسانی ہمدردی کی ترجیحات، بالخصوص موسمیاتی لچک، پائیدار ترقی اور آفات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی مسلسل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کے لیے عالمی سطح پر حمایت متحرک کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے محمد یحییٰ کو اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) میں اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور اور ڈپٹی ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ تقرری محمد یحییٰ کے تجربے، صلاحیتوں اور انسانی خدمت کے لیے ان کے عزم کا بجا اعتراف ہے۔