اسلام آباد، 19 اگست 2026 (نوشین): شام کے وزیر خارجہ و تارکین وطن امور کے وزیر اسعد حسن الشیبانی 19 سے 20 اگست تک پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ شامی وزیر خارجہ کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ مذاکرات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے امکانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔دورے سے دونوں ممالک کے درمیان روابط مزید گہرے ہونے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
