Saturday, August 15

مشی گن میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک، مشتبہ ملزم بھی مردہ حالت میں ملا

 مشی گن، 15 اگست 2026 (نوشین): شمالی مشی گن میں جمعہ کے روز فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس کے مطابق مبینہ حملہ آور کو تلاش کے دوران مردہ حالت میں پایا گیا۔مشی گن اسٹیٹ پولیس کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 40 منٹ پر مسکیگی کاؤنٹی کے ایک گھر میں فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد اہلکاروں کو روانہ کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر 3 افراد کو مردہ اور ایک شخص کو زخمی حالت میں پایا۔ زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے مشتبہ ملزم کی شناخت 39 سالہ چیڈ ہک مین کے نام سے کی۔ حکام کے مطابق ریاستی پولیس کے اہلکاروں کے پہنچنے سے قبل ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ تلاش کے دوران تفتیش کاروں نے ایک دوسرے گھر سے مزید ایک شخص کی لاش برآمد کی۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے وائٹ لاک جھیل کے قریب جنگلاتی علاقے میں مشتبہ ملزم کی گاڑی کا سراغ لگایا، جہاں چیڈ ہک مین اور ایک اور شخص مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس کے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ ایشلے ملر نے واقعے کو مقامی کمیونٹی کے لیے انتہائی افسوسناک اور تفتیش کاروں کے لیے ایک مشکل صورتحال قرار دیا۔پولیس نے متاثرین کے نام، عمریں یا جنس ظاہر نہیں کی، کیونکہ اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری تھا۔