Sunday, August 2

تین ممالک، بارہ وینیوز: آئی سی سی نے 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کے میزبان مقامات کا اعلان کر دیا

یکم اگست 2026 (غفران): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باضابطہ طور پر 2027 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 12 میزبان وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر “تین ممالک، ایک دھڑکن” کے مرکزی تصور کے تحت منعقد کریں گے۔ میزبان وینیوز کا اعلان جوہانسبرگ میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں جنوبی افریقہ کے آٹھ، زمبابوے کے تین اور نمیبیا کے ایک شہر کو کرکٹ کے اس سب سے بڑے 50 اوورز کے عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپی گئی۔ جنوبی افریقہ میں میچز جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم، سینچورین کے سپر اسپورٹ پارک، کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ، ڈربن کے کنگزمیڈ کرکٹ گراؤنڈ، گکیبیرہا کے سینٹ جارجز پارک، بلوم فونٹین کے مانگاونگ اوول، پارل کے بولینڈ پارک اور کوگومپو سٹی (سابقہ ایسٹ لندن) کے بفیلو پارک میں کھیلے جائیں گے۔

زمبابوے میں میچز ہرارے اسپورٹس کلب، بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب اور وکٹوریہ فالز کے فیلے موسی اوآ تونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔نمیبیا پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، جہاں دارالحکومت ونڈہوک میں واقع نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ ٹورنامنٹ کے میچز کی میزبانی کرے گا۔2027 آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں دنیا کی بہترین 14 ٹیمیں شرکت کریں گی، جس سے یہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کے بڑے ایڈیشنز میں شمار ہوگا۔

یہ ورلڈ کپ 24 برس بعد ایک بار پھر افریقی سرزمین پر منعقد ہوگا۔ اس سے قبل 2003 کا کرکٹ ورلڈ کپ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔ دنیا بھر کے شائقین اب ٹکٹوں کی فروخت، میچوں کے شیڈول اور ٹورنامنٹ سے متعلق دیگر اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول اور مزید انتظامی تفصیلات بھی جاری کر دی جائیں گی۔