Tuesday, September 8

بھارتی گلوکار نسار ابراہیم شو سے چند گھنٹے قبل انتقال کر گئے

Indian singer Nisar Ibrahim dies hours before show

دبئی، 08 ستمبر 2026 (نوشین): معروف بھارتی گلوکار نسار وایناڈ، جن کی آواز ایوارڈ یافتہ بالی ووڈ پلے بیک سنگر اُدت نارائن سے مشابہت رکھتی تھی، عجمان میں میوزیکل پروگرام میں پرفارم کرنے سے چند گھنٹے قبل دبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ گلوکار کا اصل نام نسار اروتھ ابراہیم تھا اور وہ بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع وایناڈ کے علاقے کمپالاکاڈ سے تعلق رکھتے تھے۔ وہ اگست میں متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جہاں انہیں متعدد میوزیکل پروگرامز میں شرکت کرنا تھی۔ رپورٹس کے مطابق ہفتے کی سہ پہر تیز بخار کے باعث انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کی اچانک موت پر متحدہ عرب امارات میں مقیم ملیالی برادری میں صدمے کی لہر دوڑ گئی، جبکہ دبئی اور سعودی عرب میں بھی ان کے مزید میوزیکل پروگرامز طے تھے۔ طبی ریکارڈ کے مطابق ان کی موت کی براہ راست وجہ ایسیڈوسس بتائی گئی، جبکہ انفیکشن کے باعث پیدا ہونے والے سسٹمک انفلامیٹری رسپانس سنڈروم کے نتیجے میں اعضا کے ناکام ہونے کو بنیادی طبی وجہ قرار دیا گیا اور سیپٹیسیمیا کو بنیادی بیماری کے طور پر درج کیا گیا۔ نسار وایناڈ میپیلا پٹو کی پرفارمنس کے لیے معروف تھے اور انہوں نے متعدد میپیلا گانوں کے البمز میں گلوکاری اور اداکاری کے علاوہ پلے بیک سنگر کے طور پر بھی کام کیا۔ ان کا اسٹیج نام ان کے آبائی علاقے وایناڈ کی عکاسی کرتا تھا، جبکہ بحرین میں ایک میوزیکل تقریب کے دوران انہیں اُدت نارائن کے ساتھ بھی اسٹیج شیئر کرنے کا موقع ملا تھا۔