Wednesday, August 12

بلوچستان میں وی بی آئی ای ڈی دھماکا اور سیکیورٹی آپریشن، 18 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی، 12 اگست 2026 (غفران): بلوچستان کے ضلع سوراب میں 12 اگست کی صبح دہشت گردوں کی جانب سے ایک گاڑی میں نصب کیے جانے والے بارودی مواد کی تیاری کے دوران قبل از وقت دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے موقع پر ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے پھٹنے سے قریب موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگایا جاسکے۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا مؤثر انداز میں سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔تازہ کارروائی کے بعد ان واقعات میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جاسکے۔قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔