
لاہور , 12 اگست2026 (کامران راجہ): پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) 15 سے 19 اگست 2026 تک اے ایف سی ’’اے‘‘ سرٹیفکیٹ ریفریشر کوچنگ کورس کا انعقاد کرے گی، جو پاکستان میں ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد اعلیٰ سطح کی اے ایف سی کوچنگ تعلیم کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔پانچ روزہ کورس عراق سے تعلق رکھنے والے اے ایف سی انسٹرکٹر وسام شمیل کامل کی زیر نگرانی ہوگا۔ کورس میں پاکستان کے 19 اے ایف سی ’’اے‘‘ سرٹیفائیڈ کوچز شرکت کریں گے، جن میں 18 مرد اور ایک خاتون کوچ شامل ہیں۔ شرکا کو اپنی تکنیکی معلومات اپ ڈیٹ کرنے، تجربات کا تبادلہ کرنے اور بین الاقوامی کوچنگ ماہرین سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔پی ایف ایف کے ڈائریکٹر کوچ ایجوکیشن سجاد محمود نے اعلیٰ سطح کی کوچنگ تعلیم کی بحالی کو پاکستان کے فٹبال کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوچز کی ترقی فٹبال کی ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور یہ ریفریشر کورس پاکستان میں کوچز کے لیے مسلسل سیکھنے کی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کی تکنیکی تعلیم اور بین الاقوامی تجربات تک رسائی فراہم کرے گا۔نظریاتی سیشنز پی ایف ایف ہاؤس آڈیٹوریم میں صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جبکہ عملی سیشنز ماڈل ٹاؤن سی بلاک فٹبال گراؤنڈ میں شام 4 بجے سے 6 بجے تک منعقد ہوں گے۔ تاہم دونوں سیشنز کے اوقات عارضی ہیں اور حتمی تصدیق سے مشروط ہیں۔کورس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے اے ایف سی انسٹرکٹر وسام شمیل کامل نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوش ہیں اور ملک کے کوچز کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کوچز کے فٹبال سے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشیائی مقابلوں اور کوچنگ کورسز کے دوران پاکستانی کوچز سے ملاقاتوں میں وہ اس جذبے کا مشاہدہ کر چکے ہیں۔اے ایف سی ’’اے‘‘ کوچنگ پروگرام کی بحالی پاکستان میں پیشہ ورانہ کوچنگ کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہونے کی توقع ہے، جو ملک میں فٹبال کے ڈھانچے کو طویل المدتی بنیادوں پر مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔