این سی ایس ڈبلیو کا خواتین اور بچیوں کے خلاف بڑھتے تشدد اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر پولیس کارروائی کا مطالبہ
اسلام آباد، 31 اگست 2026 (غفران): قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں کی چیئرپرسن محترمہ نورین بانو لہڑی کی زیر صدارت پاکستان بھر کے سینئر پولیس افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد، زیادتی، قتل، ہراسانی اور صنفی بنیاد پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو نے خواتین اور بچیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حنا جاوید، آیت نور اور اسماء جٹک کے مقدمات سمیت سندھ میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کا بھی سخت نوٹس لیا، جن میں کراچی میں تین سالہ کلثوم محمد قاسم اور 18 ماہ کی ایزل کی المناک اموات بھی شامل ہیں۔ کمیشن نے شکارپور میں نو سالہ بچی کے مبینہ جنسی استحصال کے حالیہ واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ محترمہ نورین بانو لہڑی نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ خواتین اور بچیو...




