سلامتی کونسل میں پاکستان کا مؤقف: فلسطین میں تشدد کا خاتمہ اور دو ریاستی حل ہی پائیدار امن کی ضمانت
نیویارک، 24 مارچ 2026(غفران): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں قرارداد 2334 کے تحت مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بریفنگ کے موقع پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم، غیر قانونی آبادکاری اور تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے ڈپٹی اسپیشل کوآرڈینیٹر رمیز الاکباروف اور غزہ کے لیے ہائی ریپریزنٹیٹو نیکولے ملادینوف کا جامع بریفنگز پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے بیان میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے اور خطہ ایک خطرناک موڑ پر کھڑا ہے جہاں وسیع پیمانے پر تصادم کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ فلسطین عرب۔اسرائیل تنازعہ کے مرکز میں ہے، جو خطے میں عدم استحکام کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور پائیدار امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام غیر قانونی قبضے، جبری بے دخلی، منظم تشدد او...









