Saturday, October 17

کامیاب سرجری کے بعد بھارتی اداکارہ نصرت بھروچا اسپتال سے ڈسچارج

Indian Actress Nushrratt Bharuccha Discharged from Hospital After Successful Surgery

ممبئی، 17 اکتوبر 2026 (نوشین): بھارتی اداکارہ و ماڈل نصرت بھروچا کو کامیاب سرجری کے بعد ممبئی کے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور وہ اب گھر پر صحت یاب ہو رہی ہیں۔ 41 سالہ اداکارہ کو انڈونیشیا کے تفریحی جزیرے بالی میں پیش آنے والے ایک حادثے کے دوران ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا، جہاں وہ کام اور تفریح کے سلسلے میں گئی ہوئی تھیں۔ بیرون ملک ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں جدید طبی سہولیات اور سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا۔ اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نصرت ایک مشکل اور کٹھن مرحلے سے گزرنے کے بعد اب تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ بیان میں تصدیق کی گئی کہ وہ گھر واپس آچکی ہیں، جہاں ان کی اچھی دیکھ بھال کی جارہی ہے، تاہم مکمل صحت یابی کے لیے انہیں مزید وقت اور مکمل آرام کی ضرورت ہوگی۔ ان کی ٹیم نے اس مشکل وقت میں محبت، فکر، دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والے تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اداکارہ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر اسپتال میں قیام کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی۔ ویڈیو میں انہیں طبی عملے کی مدد سے شاہ رخ خان اور کاجول پر فلمائے گئے رومانوی گیت ’’گیرووا‘‘ سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا۔ نصرت نے اپنے خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ علاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور بتدریج صحت یاب ہو رہی ہیں۔ فلم ’’پیار کا پنچ نامہ‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کی آخری سینما ریلیز فلم ’’اف یہ سیاپا‘‘ تھی، جو 2025 میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں سوہم شاہ، نورا فتحی، اومکار کپور اور شریب ہاشمی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔