اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی تیاریاں مکمل، غیر ملکی وفود کی آمد جاری
اسلام آباد، 15 نومبر 2026 (غفران): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے دو روزہ 30ویں اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ مختلف رکن اور شراکت دار ممالک کے اعلیٰ حکام اور سفارتی شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کولاکلیکایا اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں دفتر خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ النور محمدوف، شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل احمد سعید مرادزادہ، قازقستان کے نائب وزیر خارجہ ارمان اساگالیف اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد بھی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ شمالی قبرص کے ترک جمہوریہ کے وزیر خارجہ تحسین ارتغرلوگلو بھی ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچے تھے۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ا...




