
اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (غفران): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق، وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں ہندو برادری کو پاکستان کی قومی زندگی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، کاروبار، عوامی خدمت، سماجی بہبود، فنون اور ثقافت کے شعبوں میں ہندو برادری کی خدمات نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر شہری کو اپنے مذہب پر آزادانہ طور پر عمل کرنے، باوقار زندگی گزارنے اور قانون کے تحت مساوی تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مذہب، ذات یا عقیدہ کسی بھی شہری کے مساوی حقوق اور شہریت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار پاکستانیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے رشتوں کو مضبوط بنانے کا بھی موقع فراہم کرتا ہے، جبکہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر، مشکل وقت میں ساتھ دے کر اور تعصب و امتیاز کو مسترد کرکے ایک منصفانہ اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی میں اس کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں مختلف ثقافتی اور مذہبی روایات ایک قیمتی سماجی اثاثہ ہیں اور ملک کو اپنے مذہبی و ثقافتی تنوع پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے مذہبی اور شہری حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے اور حکومت مذہب، عقیدے، رنگ یا نسل سے بالاتر ہوکر تمام شہریوں کے حقوق، عزت و وقار اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا معاشرہ جو مختلف ثقافتوں اور روایات کو قبول کرتا ہو اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل پیرا ہو، وہی تمام شہریوں کے لیے تعلیم اور معاشی ترقی کے مساوی مواقع یقینی بنا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط بنانے اور امن، برداشت اور باہمی احترام پر مبنی روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کی تجدید پر زور دیا۔