اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (نوشین): ٹانک کے علاقے کھڈریاں والا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل اور اس کا پانچ سالہ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل سعادت اپنے بیٹے کے ہمراہ سودا سلف خریدنے کے لیے بازار جا رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ باپ اور بیٹے کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کر دی گئیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
