Tuesday, November 3

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید: آئی ایس پی آر

17 Terrorists Killed in Two Intelligence-Based Operations in Balochistan, Soldier Martyred: ISPR

اسلام آباد، 3 نومبر 2026 (کامران راجہ): سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں یکم نومبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئیں، جن کا تعلق بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہوں فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے بتایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی، اس دوران 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ دوسری کارروائی ضلع خاران میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 7 دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شہید سپاہی کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔