
اسلام آباد، 3 نومبر 2026 (نوشین): بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی 61ویں سالگرہ منا رہے ہیں، انہوں نے تقریباً چار دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر کے دوران بھارتی سینما کے کامیاب ترین اور بااثر اداکاروں میں اپنا منفرد مقام بنایا اور ’کنگ خان‘ کے نام سے شہرت حاصل کی۔ 1990 کی دہائی میں جب امیتابھ بچن کے بعد بالی ووڈ کے سب سے بڑے اسٹار کی تلاش جاری تھی تو شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان تین نمایاں نام بن کر سامنے آئے۔ تینوں اداکار تقریباً ایک ہی دور میں فلمی دنیا میں داخل ہوئے اور جلد ہی اپنی صلاحیتوں کے باعث مقبولیت حاصل کرلی، تاہم وقت کے ساتھ شاہ رخ خان نے اپنی الگ پہچان بنائی اور عالمی سطح پر بالی ووڈ کی بڑی شخصیات میں شمار ہونے لگے۔ بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق شاہ رخ خان کی فلموں نے دنیا بھر میں تقریباً 8 ہزار کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے، جو ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی غیر معمولی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ شاہ رخ خان نے 1992 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت سلمان اور عامر خان پہلے ہی اپنی شناخت بنا چکے تھے۔ انہوں نے ابتدا میں ’دیوانہ‘ اور ’کنگ انکل‘ جیسی فلموں میں کام کیا، جبکہ ’ڈر‘ اور ’انجام‘ میں منفی کردار ادا کرکے بھی اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 2000 سے 2007 تک کا عرصہ شاہ رخ خان کے کیریئر کا سنہری دور ثابت ہوا، اس دوران ’محبتیں‘، ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’دیوداس‘، ’کل ہو نہ ہو‘، ’ویر زارا‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ جیسی کامیاب فلموں نے انہیں بالی ووڈ کا صف اول کا سپر اسٹار بنا دیا۔ اس عرصے میں ان کی فلموں نے مبینہ طور پر 1326 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا، جو سلمان اور عامر خان کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ تھا۔ 2008 کے بعد بالی ووڈ میں کامیابی کے رجحانات تبدیل ہونے لگے، عامر خان کی فلم ’گجنی‘ نے 100 کروڑ روپے کے باکس آفس کلب کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سلمان خان نے ’وانٹڈ‘ اور ’دبنگ‘ جیسی فلموں کے ذریعے کامیابی کا نیا دور شروع کیا۔ اگلے چند برسوں میں تینوں خان باکس آفس پر سخت حریف بن کر سامنے آئے۔ شاہ رخ خان نے ’چنئی ایکسپریس‘ اور ’ہیپی نیو ایئر‘ جیسی کامیاب فلمیں دیں، جبکہ سلمان اور عامر خان نے بھی اپنی فلموں کے ذریعے تجارتی اور ثقافتی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 2015 کے بعد شاہ رخ خان کے کیریئر میں نسبتاً مشکلات کا دور آیا، ’دل والے‘ اور ’رئیس‘ جیسی فلمیں کامیاب تو ہوئیں لیکن ان کی سابقہ مقبولیت اور کامیابی کے معیار تک نہ پہنچ سکیں۔ دوسری جانب عامر خان کی ’دنگل‘ اور سلمان خان کی ’سلطان‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی۔ بدلتے ہوئے فلمی رجحانات اور سخت مقابلے کے باوجود شاہ رخ خان کی مقبولیت، عالمی شہرت اور بھارتی سینما کے لیے خدمات نے انہیں بالی ووڈ کے نمایاں ترین سپر اسٹارز میں شامل رکھا ہے۔