Wednesday, November 25

منی لانڈرنگ اور 200 کروڑ روپے بھتہ خوری کیس، اداکارہ نورا فتحی عدالت طلب

https://www.urdunews.com/node/909943

اسلام آباد، 3 نومبر 2026 (غفران): بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی کو مبینہ نوسرباز سکیش چندرشیکھر سے متعلق 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے طلب کرلیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عدالت نے اداکارہ کو 2 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اس مقدمے میں دائر تیسری ضمنی چارج شیٹ میں ان کا نام بطور گواہ شامل کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ 2020 اور 2021 کے دوران مبینہ طور پر سکیش چندرشیکھر کی جانب سے بھتہ خوری کے واقعات سے متعلق ہے، جب وہ دہلی کی روہنی جیل میں قید تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق سکیش چندرشیکھر نے خود کو اعلیٰ سرکاری عہدیدار ظاہر کرکے سابق رینبیکسی پروموٹر شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ آدیتی سنگھ سے تقریباً 200 کروڑ روپے وصول کیے اور رقم کے بدلے ان کے شوہر کی جیل سے رہائی کا انتظام کروانے کا وعدہ کیا۔ دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ نے مبینہ بھتہ خوری کی تحقیقات کرتے ہوئے مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کے تحت چارج شیٹ جمع کرائی۔ نورا فتحی سے اس سے قبل بھی سکیش چندرشیکھر اور ان کی اہلیہ لینا ماریا پال کے ساتھ مبینہ تعلق کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ پولیس نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا تھا، جس کے بعد انہیں ضمنی چارج شیٹ میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر شامل کرلیا گیا۔ دورانِ تفتیش اداکارہ نے حکام کو بتایا تھا کہ سکیش چندرشیکھر سے ان کا رابطہ اس کی اہلیہ کے ذریعے ہوا تھا۔ تفتیش کاروں نے ان سے دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات کیے تھے۔ یہ مقدمہ سکیش چندرشیکھر سے منسلک مبینہ مالی فراڈ اور بھتہ خوری کے وسیع تر نیٹ ورک کی تحقیقات کا حصہ ہے۔