Tuesday, November 24

یوتھ پارلیمنٹ کا غیر صحت بخش غذائی اشیاء پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے فوری نفاذ کا مطالب : دی پاکستان ٹائمز



یوتھ پارلیمنٹ کا غیر صحت بخش غذائی اشیاء پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے فوری نفاذ کا مطالب : دی پاکستان ٹائمز

اسلام آباد، 24 نومبر، 2026( نوشین) :پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) اور یوتھ پارلیمنٹ اسلام آباد کابینہ کے زیرِ اہتمام اسلام آباد میں ایک آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں الٹرا پروسیسڈ غذائی اشیاء اور مشروبات پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز (FOPWLs) کے لازمی نفاذ کا مطالبہ کیا گیا۔پناہ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی نے کہا کہ غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مضبوط عوامی صحت پالیسیوں کا نفاذ ضروری ہے۔ عوامی صحت کو تجارتی مفادات پر ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو غیر صحت بخش غذاؤں سے محفوظ رکھا جا سکے۔صحت و غذائیت کے ماہر منور حسین نے کہا کہ واضح وارننگ لیبل کے ذریعے صارفین کو غذائی اشیاء میں چینی، نمک اور غیر صحت بخش چکنائی کی زائد مقدار سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔پناہ کے جنرل سیکریٹری ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کی تجویز دو سال سے زائد عرصے سے زیرِ غور ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس اہم پالیسی پر مزید تاخیر کیے بغیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔یوتھ پارلیمنٹ اسلام آباد کابینہ کے صدر عدنان بشیر نے کہا کہ نوجوانوں کو بچوں اور عوام کو غیر صحت بخش غذاؤں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی حمایت کرنی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت سے فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے لازمی نفاذ کا مطالبہ کیا۔ پناہ اور یوتھ پارلیمنٹ نے عوامی صحت کے تحفظ اور صحت مند غذائی ماحول کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔