Monday, October 19

سلطان آف جوہر کپ: پاکستان نے کینیڈا کو چھ کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا

Pakistan Junior Hockey Team Defeats Canada 6–2 in Sultan of Johor Cup 2026

لاہور، 18 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): سلطان آف جوہر کپ 2026 میں پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسرے مقابلے میں کینیڈا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے کھیل کے آغاز ہی سے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا اور نویں منٹ میں حمزہ فیاض نے گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کا کھاتہ کھولا۔ پانچ منٹ بعد حمزہ علی نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری بڑھا دی، جبکہ پچیسویں منٹ میں رانا عبداللہ سمیع نے تیسرا گول اسکور کیا۔ کینیڈا کی جانب سے بھلر گرنور نے تیسویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی، تاہم اڑتیسویں منٹ میں رانا ولید نے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول کرکے ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ کینیڈین کھلاڑی یوگیشوارن ابھیرام نے پینتالیسویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا، جس سے مقابلے کا اسکور دو کے مقابلے میں چار ہو گیا۔ میچ کے آخری مرحلے میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اپنایا اور اکاون ویں منٹ میں آسام حیدر نے پانچواں، جبکہ چوّن ویں منٹ میں عدیل نے چھٹا گول کرکے ٹیم کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔ اس فتح کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔