
لاہور، 19 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی اہلیہ سارہ بھروانہ کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر محبت بھرا پیغام شیئر کرتے ہوئے ان کی شخصیت، مضبوط کردار اور خوبصورت دل کو سراہا۔ گلوکار نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’ہیپی سارہ ڈے، ویک اور منتھ، کیونکہ آپ کی خوشیاں منانے کے لیے ایک دن کبھی کافی نہیں ہوسکتا۔‘‘ انہوں نے سارہ کو اپنی ملکہ قرار دیتے ہوئے ان کی خوبیوں اور شخصیت سے محبت کا اظہار کیا۔ عاطف اسلم کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں دونوں کی زندگی کے خوبصورت لمحات شامل تھے، جن میں سفر کی یادیں، ایک ساتھ کھانے کے مواقع اور سیلفیاں شامل ہیں، جس سے مداحوں کو ان کی نجی زندگی کی جھلک دیکھنے کا موقع ملا۔ عاطف اسلم ماضی میں بھی سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ کے لیے محبت بھرے پیغامات شیئر کرتے رہے ہیں، جبکہ ان کا تازہ پیغام سارہ کے لیے ان کی محبت اور قدر دانی کی عکاسی کرتا ہے۔ عاطف اسلم اور سارہ بھروانہ مارچ 2013 میں لاہور میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ شادی سے قبل دونوں ایک دوسرے کو کئی سال سے جانتے تھے۔ سارہ کنیئرڈ کالج میں زیرِ تعلیم تھیں، جہاں وہ کھیلوں اور کنسرٹس کے انتظامات میں بھی حصہ لیتی تھیں۔ دونوں کی قربت بڑھی اور اکتوبر 2011 میں ان کی منگنی ہوئی۔ اس جوڑے کے تین بچے ہیں، جن میں دو بیٹے عبدالاحد اور آریان جبکہ ایک بیٹی حلیمہ شامل ہیں، جو مارچ 2023 میں پیدا ہوئی۔ عاطف اسلم اس سے قبل بھی اپنی اہلیہ کے لیے رومانوی پیغامات شیئر کرچکے ہیں۔ ایک پیغام میں انہوں نے خواہش ظاہر کی تھی کہ کاش وہ سارہ سے پہلے ملے ہوتے تاکہ دونوں ایک ساتھ مزید یادگار لمحات گزار سکتے۔ ذاتی زندگی کے علاوہ عاطف اسلم پاکستان کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے معروف گانوں میں ’’عادت‘‘، ’’تیرا ہونے لگا ہوں‘‘ اور ’’دل دیاں گلاں‘‘ شامل ہیں، جنہیں جنوبی ایشیا بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ موسیقی کے میدان میں عاطف اسلم نے 31 جولائی کو اپنا البم ’’صبح آئے نہ‘‘ ریلیز کیا، جو 18 برس بعد ان کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم قرار دیا گیا ہے۔