
اسلام آباد، 19 ستمبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتہ کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران حالیہ علاقائی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اسحاق ڈار نے توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور تجارتی بحری جہازوں کے محفوظ گزرنے کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بحری آمدورفت میں رکاوٹیں ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کو متاثر کر سکتی ہیں۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری ہی قابل عمل ذرائع ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں جانب سے قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔