Monday, September 14

بلوچستان میں دو الگ کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک

Nine Terrorists Killed in Two Separate Security Operations in Balochistan

کوئٹہ، 14 ستمبر 2026 (کامران راجہ): سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع مستونگ اور پشین میں دو الگ کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کواڈ کاپٹر کے ذریعے دہشت گردوں کی گاڑی کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تینوں دہشت گرد ہلاک جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے پشین کے علاقے سرانان میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 6 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران 4 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے مشتبہ افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بناتے ہوئے انہیں اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روک دیا۔ محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ان کی مسلسل کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔