
راولپنڈی، 14نومبر ،2026(نوشین) : پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزز (AFIC-NIHD) کے اشتراک سے عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے خطرات سے آگاہی اور اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔واک کی قیادت مہمانِ خصوصی میجر جنرل نادر خان، کمانڈنٹ و ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے ایف آئی سی-این آئی ایچ ڈی نے کی۔ اس موقع پر کرنل شکیل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پناہ، ثناء اللہ گھمن، جنرل سیکرٹری پناہ، طبی ماہرین، سول سوسائٹی کے نمائندوں، نوجوانوں، طلبہ اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔میجر جنرل نادر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذیابیطس اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی، صحت مند غذا، جسمانی سرگرمی، بروقت تشخیص اور احتیاطی اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ثناء اللہ گھمن نے کہا کہ پاکستان میں 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔ میٹھے مشروبات اور الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا زیادہ استعمال اس مسئلے میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر صحت بخش غذاؤں پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز لازمی نافذ کیے جائیں، میٹھے مشروبات پر ٹیکس بڑھایا جائے اور غذائی اشیاء سے صنعتی ٹرانس فیٹس کا خاتمہ کیا جائے۔کرنل شکیل نے کہا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی، متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور بروقت تشخیص کو قومی ترجیح بنانا ہوگا۔واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا کر مؤثر حکومتی پالیسیوں اور صحت مند غذائی ماحول کے قیام کا مطالبہ کیا۔