
نیویارک، 11 ستمبر 2026 (کامران راجہ): ہالی ووڈ اداکارہ جینیفر لارنس نے سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے نئے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کسی نے منفی تبصرہ کیا تو وہ فوراً انسٹاگرام چھوڑ دیں گی۔ 36 سالہ اداکارہ نے بدھ کے روز پہلی بار اپنا عوامی انسٹاگرام اکاؤنٹ متعارف کرایا، جس کے بعد مختصر وقت میں ان کے فالوورز کی تعداد 18 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ اپنی پہلی ویڈیو میں جینیفر لارنس نے ممکنہ ٹرولز کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسٹاگرام استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم اگر کسی نے کوئی منفی یا نامناسب بات کی تو وہ فوری طور پر یہ پلیٹ فارم چھوڑ دیں گی۔ ان کی پوسٹس پر مداحوں نے بھرپور حمایت کا اظہار کیا، جبکہ ’ایملی اِن پیرس‘ کی اداکارہ للی کولنز، ’چکن شاپ ڈیٹ‘ کی اسٹار امیلیا ڈیمولڈن برگ اور ’اسٹرینجر تھنگز‘ کے اداکار نوح شنَپ سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی ان کی پوسٹس پر ردعمل دیا۔ جینیفر لارنس نے اپنے انسٹاگرام تعارف میں بتایا کہ انہوں نے ’جے لا‘ نام اس لیے استعمال کیا کیونکہ ان کا مکمل نام پہلے ہی کسی اور صارف کے پاس موجود تھا۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ مہربانی کرکے اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کوئی بھی نامناسب یا جارحانہ تبصرہ ’بچے‘ کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے بعد انہوں نے وضاحت کی کہ ’وہ بچہ خود میں ہی ہوں۔‘ جینیفر لارنس نے 2010 کی آزاد فلم ’ونٹرز بون‘ میں شاندار اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی، جس پر انہیں گولڈن گلوبز، اسکرین ایکٹرز گلڈ ایوارڈز اور اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔ بعد ازاں ’دی ہنگر گیمز‘ سیریز میں کیٹنس ایورڈین کا کردار ادا کرکے وہ عالمی شہرت یافتہ اداکارہ بن گئیں۔ ان کی دیگر نمایاں فلموں میں ’ایکس مین: فرسٹ کلاس‘، ’سلور لائننگز پلے بک‘ شامل ہیں، جس پر انہوں نے بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ جیتا، جبکہ ان کی 2025 کی نفسیاتی ڈرامہ فلم ’ڈائی مائی لو‘ بھی قابلِ ذکر ہے۔ جینیفر لارنس نے 2018 میں اپنی پروڈکشن کمپنی ’ایکسیلنٹ کیڈیور‘ قائم کی، جس کے تحت انہوں نے ’کاز وے‘ اور ’نو ہارڈ فیلنگز‘ سمیت کئی فلمیں تیار کیں، جن میں انہوں نے خود بھی اداکاری کی۔