Friday, August 21

طبی معائنے کے بعد عمران خان کو شفا اسپتال سے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا

Imran Khan Sent Back to Adiala Jail After Medical Check-Up at Shifa Hospital

راولپنڈی، 21 اگست 2026 (غفران): حکومت نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو طبی معائنے کے بعد جمعہ کی علی الصبح اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔ جیل ذرائع کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں واپس ان کی بیرک منتقل کیا گیا۔ اس سے قبل انہیں جمعرات کی رات اڈیالہ جیل سے شفا اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ جیل حکام کے مطابق عمران خان کو سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بانی کے طبی معائنے اور علاج کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے اور ان کے طبی معائنے کے لیے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔ رواں ہفتے سپریم کورٹ آف پاکستان نے حکومت کو عمران خان کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تین رکنی بینچ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو 48 گھنٹوں کے اندر وفاقی دارالحکومت کے شفا اسپتال منتقل کیا جائے۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، تاہم سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کر دیا۔ رجسٹرار آفس کے مطابق درخواست مکمل ریکارڈ کے بغیر جمع کرائی گئی تھی۔ نظرثانی کی درخواست اسلام آباد کے چیف کمشنر کی جانب سے اسلام آباد ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے دائر کی گئی تھی، جس میں سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کی استدعا کی گئی تھی۔ حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی حکم عدالت کے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتا ہے، اس لیے اس پر نظرثانی ضروری ہے۔ اس پیش رفت پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو دیا گیا ریلیف قانون کے مطابق نہیں تھا۔دریں اثنا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو بیرون ملک بھی بھیجا جا سکتا ہے۔