Monday, August 17

پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ٹیسٹ کے لیے لیڈز پہنچ گئی

Pakistan Cricket Team Arrives in Leeds for First Test Against England

لیڈز، 17 اگست، 2026 (غفران) — پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے لیڈز پہنچ گئی ہے۔قومی ٹیم آج پیر کو صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس کرے گی، جہاں کھلاڑی پہلے ٹیسٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گے۔ پاکستان کی انگلینڈ میں 2020 کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز 19 اگست سے شروع ہوگی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں 19 سے 23 اگست تک کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 سے 13 ستمبر تک برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم حالیہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 1-1 سے برابری کے بعد انگلینڈ پہنچی ہے۔ اس سیریز کے دوران قومی ٹیم نے جولائی 2023 کے بعد بیرون ملک پہلی ٹیسٹ فتح بھی حاصل کی تھی۔گرین شرٹس اب اسی اعتماد کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز کریں گے اور کامیاب دورے کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔