
اسلام آباد، 07 اگست, 2026 (راجہ کامران): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری اور مؤثر خارجہ پالیسی کا ایک اور شاندار سنگِ میل ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ اور دوراندیش قیادت میں پاکستان نے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی معاہدہ نہ صرف تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی اعتماد اور مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی کی مضبوط علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے عالمی وقار، دفاعی صلاحیت اور کامیاب سفارت کاری میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ وفاقی وزیر نے اس تاریخی کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے اور پاکستان کے روشن، محفوظ اور مستحکم مستقبل کی نوید ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان برادر اسلامی ممالک کے ساتھ اتحاد، مشترکہ دفاع، علاقائی امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر اور مثبت کردار آئندہ بھی بھرپور انداز میں ادا کرتا رہے گا۔