
اسلام آباد، 6 اگست 2026 (کامران راجہ): عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور چینی صدر شی جن پنگ کا خط ان کے حوالے کیا۔ خط میں صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر بھیجے گئے پیغام پر اظہارِ تشکر کیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور چین کے ساتھ ہر آزمائش پر پورا اترنے والی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں اور روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی معاملات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ دونوں فریقین نے خطے اور دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے لیے امن، استحکام اور باہمی فائدہ مند تعاون کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔