Friday, August 14

ٹوکیو کے مشرق میں چیبا میں ریکارڈ بارش سے سیلاب، کم از کم 5 افراد جاں بحق

ٹوکیو، 14 اگست 2026 (غفران): جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے مشرق میں واقع چیبا پریفیکچر میں ریکارڈ توڑ بارش کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آگیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی جبکہ ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے۔ جاپانی حکام کے مطابق شدید بارش میں کمی کے بعد جاپان کی محکمہ موسمیات نے چیبا کی ایک درجن سے زائد میونسپلٹیوں میں جاری شدید ترین بارش کی وارننگ کی سطح کم کردی، تاہم جمعے کو مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ چیبا میں جمعرات کو غیر معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چیبا سٹی میں ایک گھنٹے کے دوران تقریباً 11.5 سینٹی میٹر جبکہ ساکورا شہر میں اسی ایک گھنٹے کے دوران 9.7 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔شدید بارش کے باعث گھروں، گاڑیوں، سڑکوں اور ریلوے ٹریک کے بعض حصوں میں کیچڑ ملا پانی بھر گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔چیبا کے حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اچی کاوا شہر میں سیلابی سڑک پر تیرتی ہوئی حالت میں ملنے والا ایک شخص اور ساکورا میں سیلابی پانی سے بھری گاڑی میں پھنسنے والی ایک خاتون شامل ہیں۔ کاشیوا اور چیبا میں گاڑیوں سے نکالے گئے مزید دو افراد کو بھی مردہ تصور کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک شخص تاحال لاپتا ہے۔حکام کے مطابق 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 5 کی حالت تشویشناک ہے۔

جاپان کی گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس نے سوگا ریلوے اسٹیشن پر رات بھر پھنسے تقریباً 4 ہزار افراد کی مدد کے لیے بسیں روانہ کیں۔ مذکورہ اسٹیشن ٹوکیو سے منسلک مقامی ریلوے روٹ پر واقع ہے۔ ٹوکیو ڈزنی لینڈ نے سیلاب سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔ٹوکیو کے علاقے میں واقع ناریتا ایئرپورٹ پر بھی ہزاروں مسافر رات بھر پھنسے رہے۔ جمعے کی صبح ٹرین سروس جزوی طور پر بحال ہونے کے بعد مسافروں نے بتدریج ایئرپورٹ سے روانگی شروع کردی، تاہم تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔ ایئرپورٹ پر پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔سیلاب ایسے وقت میں آیا جب جاپان میں بون بدھ مت کی تعطیلات کے اختتام پر بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔چیبا کے حکام کے مطابق جمعے کی سہ پہر تک تقریباً 170 مکانات زیر آب آچکے تھے جبکہ 300 سے زائد افراد نے سرکاری مراکز میں پناہ لے رکھی تھی۔ وسطی چیبا کے شہر توگانے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک سڑک بھی بند ہوگئی۔ٹیپکو پاور گرڈ کے مطابق بجلی سے محروم گھروں کی تعداد جمعے کو کم ہو کر تقریباً 18 ہزار رہ گئی، جو ایک روز قبل 68 ہزار تھی۔ٹوکیو یونیورسٹی کے سول انجینئرنگ کے پروفیسر کوجی ایکے اُچی نے نکی بزنس ڈیلی کو بتایا کہ بارش کی شدت شہری نکاسی آب کے نظام کی گنجائش سے تجاوز کرگئی ہو گی، جبکہ بڑے پیمانے پر اسفالٹ اور کنکریٹ سے ڈھکے علاقوں نے بھی سیلاب کی شدت میں اضافہ کیا ہوگا۔حکام نے چیبا میں صورتحال کی نگرانی جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔