
لاہور، 9 اگست 2026 (کامران راجہ): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مسن کلر کے قریب منہدم ہونے والے پل اور متاثرہ ریلوے ٹریک کا تفصیلی معائنہ کیا۔وفاقی وزیر نے ریلوے ٹرالی کے ذریعے متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور پل و ریلوے ٹریک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں پل اور ریلوے ٹریک کے متاثرہ حصے کو پہنچنے والے نقصان، موجودہ صورتحال اور بحالی کے لیے مجوزہ اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محمد حنیف عباسی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پل کی بحالی کے لیے تمام ضروری تکنیکی اور تعمیراتی تقاضوں پر مشتمل جامع فزیبلٹی رپورٹ 20 روز کے اندر تیار کرکے پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہونے کے بعد پل کی تعمیر نو اور متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا عملی کام پاکستان ریلوے کے انجینئرز انجام دیں گے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ بحالی کا کام تمام مطلوبہ حفاظتی معیارات اور تکنیکی تقاضوں کو یقینی بناتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر افسر اور ملازم اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے تاکہ ریلوے آپریشنز کی بحالی میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت اور ٹرینوں کی محفوظ آمدورفت پاکستان ریلوے کی اولین ترجیحات ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے محمد حافظ اللہ، اے جی ایم انفراسٹرکچر حامد حسن مرزا، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور اور دیگر سینئر ریلوے افسران بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ معائنے کے موقع پر موجود تھے۔