
اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (نوشین): بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم ’ماتربھومی‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، جو 4 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی یہ فلم 2020 میں لداخ کی وادی گلوان میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان ہونے والے فوجی تصادم سے متاثر ہے۔ فلم کی ریلیز میں تاخیر کے حوالے سے سلمان خان نے بتایا کہ پروڈکشن ٹیم بصری اثرات (وی ایف ایکس) اور گرافکس کو اعلیٰ معیار کا بنانے کے لیے مزید وقت لینا چاہتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وی ایف ایکس کے ماہرین فلم کے ہر فریم کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہیں، اس لیے ٹیم کسی قسم کی تکنیکی خامی نہیں چھوڑنا چاہتی تھی اور مناظر کو اس انداز میں تیار کیا جا رہا ہے کہ ناظرین متاثر ہوں۔ اداکار نے مزید بتایا کہ فلم کی ایک اداکارہ کے زخمی ہونے کے باعث بھی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوا۔ فلم کی ریلیز پہلے جنوری، پھر جون اور اگست میں متوقع تھی، تاہم اب اسے 4 دسمبر کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گلوان‘ تھا، جسے بعد ازاں تبدیل کرکے ’ماتربھومی‘ رکھ دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان فلم میں 16 بہار ریجمنٹ کے کرنل بکوملا سنتوش بابو کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو چینی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔ سلمان خان نے گزشتہ سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر فلم کا ٹیزر جاری کیا تھا، تاہم چین کے سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ نے اس پر تنقید کرتے ہوئے اسے واقعات کی مسخ شدہ سنیماٹک عکاسی قرار دیا تھا۔