
کوئٹہ، 22 نومبر 2026 (کامران راجہ): بلوچستان کے ضلع دالبندین میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں نوشکی کے رہائشی 63 سالہ عبید اللہ جبکہ کوئٹہ کے رہائشی 38 سالہ وحید، 14 سالہ فلک علی اور 34 سالہ محسن شامل ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب 22 نومبر کو دالبندین میں این 40 شاہراہ پر دہشت گردوں نے تفتان سے کوئٹہ جانے والے ایک ٹرک کو روک کر آگ لگا دی تھی۔ بلوچستان میں اپنے مذموم عزائم میں ناکامی کے بعد دہشت گرد گروہ مایوسی کا شکار ہوکر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ شہریوں اور ان کے روزگار کے ذرائع پر حملے اس کے انسانیت دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کرتے ہیں۔ عام شہریوں کو نشانہ بنانا اور کاروباری گاڑیوں کو نذر آتش کرنا بلوچستان میں امن، معاشی استحکام اور ترقی کی مخالفت کا واضح ثبوت ہے۔ ایسے پرتشدد واقعات نہ صرف مقامی آبادی کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ صوبے کے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے جاری کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔