Friday, August 14

بین شیلٹن نے مسلسل دوسری بار کینیڈین اوپن کا ٹائٹل جیت لیا

ٹورنٹو، 14 اگست 2026 (غفران): امریکی ٹینس اسٹار بین شیلٹن نے ہم وطن برینڈن ناکاشیما کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ کینیڈین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ شیلٹن نے اپنے کیریئر کا دوسرا ماسٹرز 1000 ٹائٹل اور ساتواں اے ٹی پی ٹائٹل بھی جیت لیا۔ بین شیلٹن نے جمعرات کو کھیلے گئے آل امریکن فائنل میں برینڈن ناکاشیما کو 6-3، 7-6(4) سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار کینیڈین اوپن چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ ماسٹرز 1000 کی تاریخ میں 2003 کے بعد پہلا آل امریکن فائنل تھا، جب اینڈی راڈک نے سنسناٹی میں مارڈی فش کو شکست دی تھی۔ شیلٹن کی کامیابی امریکی مردوں کی ٹینس کے لیے بھی حوصلہ افزا قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ امریکا نے 2003 میں راڈک کی کامیابی کے بعد اب تک یو ایس اوپن میں مینز سنگلز کا ٹائٹل نہیں جیتا۔شیلٹن کینیڈا پہنچنے سے قبل مشکل دور سے گزر رہے تھے۔ انہیں ومبلڈن کے پہلے راؤنڈ میں شکست ہوئی، رولینڈ گیروس میں دوسرے راؤنڈ سے باہر ہوگئے جبکہ رواں سیزن کے پہلے چار ماسٹرز 1000 ٹورنامنٹس میں وہ صرف ایک میچ جیت سکے تھے۔

تاہم کینیڈین ہارڈ کورٹس پر شیلٹن نے شاندار فارم بحال کی اور پورے ٹورنامنٹ میں ایک بھی سیٹ ہارے بغیر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ شیلٹن نے کامیابی کے بعد کہا کہ پورے ہفتے جس انداز میں انہوں نے کھیلا اور بغیر کوئی سیٹ گنوائے ٹائٹل تک پہنچے، وہ ان کی محنت اور ذہنی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ پانچویں سیڈ شیلٹن نے پہلے سیٹ میں 3-3 کے اسکور کے بعد ناکاشیما کی دوسری سروس کو مسلسل نشانہ بنایا اور 4-3 کی برتری حاصل کرنے کے لیے اہم بریک کیا، جس کے بعد سیٹ بھی اپنے نام کرلیا۔پہلی مرتبہ ماسٹرز 1000 فائنل کھیلنے والے ناکاشیما نے دوسرے سیٹ میں بھرپور مزاحمت کی اور ٹائی بریک تک مقابلہ لے گئے۔ تاہم شیلٹن نے ٹائی بریک میں ابتدائی منی بریک حاصل کی اور شاندار فورہینڈ ونر کے ذریعے میچ اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔بین شیلٹن 2016 میں نوواک جوکووچ کے بعد پہلے ایسے کینیڈین اوپن چیمپئن بھی بن گئے جنہوں نے پورا ٹورنامنٹ ایک بھی سیٹ ہارے بغیر جیتا۔ وہ 2019 میں رافیل نڈال کے بعد کینیڈین اوپن کا کامیابی سے دفاع کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی ہیں۔