Thursday, August 20

بھارت نے پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر گرین شرٹس کا ہاکی ورلڈ کپ سفر ختم کر دیا

India Beat Pakistan 5-3 to End Green Shirts’ Hockey World Cup Campaign

اگست 19 , 2026 (کامران راجہ): بھارت نے ہاکی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر گرین شرٹس کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات ختم کر دیے۔ بھارت نے ابتدائی کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے، جبکہ پاکستان کوئی گول نہ کر سکا اور بھارت نے 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ دوسرے کوارٹر میں بھارت نے ایک اور گول کرکے برتری 3-0 کر دی۔ اس کے بعد پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے حنان شاہد اور سفیان خان کے گولز کی بدولت خسارہ 3-2 کر دیا۔ تاہم بھارت نے کوارٹر کے اختتام سے قبل ایک اور گول کرکے اپنی دو گول کی برتری بحال کر لی اور ہاف ٹائم پر 4-2 سے آگے رہا۔ تیسرے کوارٹر میں بھارت نے مزید ایک گول کرکے اسکور 5-2 کر دیا، جبکہ پاکستان نے آخری کوارٹر میں ایک گول کیا۔ تاہم پاکستان کی واپسی کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی اور بھارت نے 5-3 سے کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے دو جبکہ سفیان خان نے ایک گول کیا۔ آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہ جیت سکی۔ پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست ہوئی، جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 سے برابر رہا۔پاکستان نے گروپ مرحلے کا اختتام صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ کیا اور ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔