Thursday, September 10

کوئی قانون سے بالاتر نہیں، وردی کا غلط استعمال برداشت نہیں: ڈی آئی جی علی وسیم

No One Above the Law, No Misuse of Uniform: DIG Ali Waseem Sets Policing Priorities

اسلام آباد، 8 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نو تعینات ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) اسلام آباد علی وسیم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بہتر عوامی سروس ڈیلیوری کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وردی یا اختیارات کے غلط استعمال اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چارج سنبھالنے کے بعد ڈی آئی جی علی وسیم کی زیر صدارت تعارفی اجلاس ہوا جس میں ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر، ایس ایس پی سکیورٹی اینڈ ایڈمنسٹریشن محمد شہریار خان، زونل ایس پیز، سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی نے افسران سے انفرادی ملاقاتیں بھی کیں اور پیشہ ورانہ و پولیسنگ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی وسیم نے کہا کہ قانون کی پاسداری، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور معیاری سروس کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں ذمہ داری اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔ ڈی آئی جی نے واضح کیا کہ وردی یا اختیارات کا غلط استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا جبکہ میرٹ، کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت یا قانون کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے تمام افسران کو ٹیم ورک کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی نے جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کے بھی احکامات دیے۔ علی وسیم اس سے قبل پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔