پیرس، 15 اگست 2026 (کامران راجہ): پاکستان اور فرانس کے درمیان جمعہ کو پیرس میں اعلیٰ سطح کا دوطرفہ مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ مشاورت 2023 کے دوطرفہ روڈ میپ کے تحت منعقد ہوئی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط اور تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔مذاکرات میں کثیرالجہتی امور میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی سطح پر درپیش اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔مشاورتی اجلاس کے دوران پاکستان اور فرانس نے باہمی مذاکرات کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقوں نے حالیہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر بھی اپنے نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔دونوں ممالک نے مختلف کثیرالجہتی فورمز پر روابط بڑھانے اور قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، بالخصوص عالمی امن اور سلامتی سے متعلق امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے کا عزم کیا گیا۔مذاکرات میں اقوام متحدہ کے امن مشنز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے دوطرفہ مشاورت کے اگلے دور کی میزبانی اسلام آباد میں کرنے پر اتفاق کیا۔
