Sunday, November 8

غزہ میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال، 70 ہزار بے گھر فلسطینیوں کے خیمے زیرِ آب آگئے

Heavy Rain Causes Flooding in Gaza, Submerges Tents of 70,000 Displaced Palestinians

اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (نوشین): غزہ میں سردیوں کی پہلی شدید بارش نے اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا، موسلادھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں قائم خیمہ بستیاں زیرِ آب آگئیں جبکہ متعدد عارضی پناہ گاہیں رہنے کے قابل نہ رہیں۔ بارش کا پانی خیموں میں داخل ہونے سے ہزاروں خاندانوں کا گھریلو سامان، بستر، کمبل اور گدے بھیگ گئے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران تقریباً 70 ہزار خیمے بارش کے پانی سے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار بے گھر فلسطینیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ افراد میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی بڑی تعداد شامل ہے۔ غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے مطابق بارش شروع ہونے کے بعد صرف 10 گھنٹوں کے دوران شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے تقریباً 1500 ہنگامی کالز موصول ہوئیں۔ متعدد علاقوں میں پانی کی سطح 30 سے 40 سینٹی میٹر تک بلند ہوگئی، جس کے باعث خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں مقیم افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔ بارش اور سیلابی صورتحال نے غزہ میں پہلے سے جاری انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں ہزاروں خاندان پہلے ہی رہائش اور بنیادی ضروریات کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔