اسلام آباد، 8 نومبر 2026 (غفران): پاکستان کی معروف اداکارہ ریما خان طویل عرصے بعد ایک بڑے سنیما پروجیکٹ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ اداکارہ نے ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ سائن کر لی ہے۔ وجاہت رؤف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان کیا اور ان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ریما خان کا شمار پاکستان کی مقبول ترین فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جنہوں نے 1990 کی دہائی میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور اپنے طویل فلمی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد ریما خان امریکا منتقل ہو گئی تھیں، جہاں انہوں نے اپنی خاندانی زندگی پر توجہ مرکوز رکھی اور طویل عرصے تک اداکاری سے دور رہیں۔ اداکارہ کی فلمی دنیا میں واپسی کی خبر سامنے آنے پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے ریما خان اور وجاہت رؤف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
