دبئی، 18 اگست 2026 (نوشین): ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کو ٹیسٹ کرکٹ میں بلے اور گیند دونوں سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر جولائی 2026 کا آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔ گریوز نے انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان ہیری بروک اور بنگلہ دیش کے بلے باز تنزید حسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ماہانہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔ انہوں نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم میں ویسٹ انڈیز کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ آل راؤنڈر کے لیے اپنے ہوم گراؤنڈ پر یہ مہینہ خاص طور پر کامیاب رہا، جہاں انہوں نے ویسٹ انڈیز کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ ڈرا کرانے میں مدد دی، جبکہ پاکستان کے خلاف میچ میں بھی میچ وننگ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد جسٹن گریوز نے کہا، ’’گھر پر کھیلتے ہوئے یہ میرے لیے ایک یادگار مہینہ رہا ہے اور سری لنکا اور پاکستان کے خلاف بلے اور گیند دونوں سے ٹیم کے لیے کردار ادا کرنا میرے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ٹیسٹ کرکٹ میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہمیشہ میرے لیے قابل فخر لمحہ رہے گا، خاص طور پر جب یہ کارکردگی اپنے ہوم فینز کے سامنے سامنے آئے۔‘‘گریوز نے ماہ کا آغاز سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کارکردگی سے کیا، جب مہمان ٹیم نے 549 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 144 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات کا شکار تھی، تاہم گریوز نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے 344 گیندوں پر شاندار 180 رنز بنائے، جس میں 14 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان کی طویل اننگز نے میزبان ٹیم کو میچ بچانے کی پوزیشن میں پہنچایا اور بالآخر ویسٹ انڈیز نے مقابلہ ڈرا کرانے میں کامیابی حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کے خلاف سیریز بھی 1-0 سے جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل گریوز نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے اوپننگ کرتے ہوئے 114.28 کے اسٹرائیک ریٹ سے 32 رنز بنائے۔
